بینکوں سے رقم لیکر نکلنے والوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا اعلان

بینکوں سے رقم لیکر نکلنے والوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا اعلان

کراچی میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم اور لوٹ مار کی وارداتوں کے پیشِ نظر سندھ پولیس نے بینکوں سے بڑی رقم نکالنے والے شہریوں کی حفاظت کیلئے نئی سکیورٹی سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پولیس کے مطابق شہری بینک سے بھاری رقم نکالنے کے بعد تحفظ کیلئے پولیس سے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود بینکوں کے باہر آگاہی بینرز آویزاں کریں تاکہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ شہری رقم نکالنے کے بعد قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کر کے سکیورٹی حاصل کر سکتے ہیں، جس کے بعد پولیس اہلکار شہری کو اس کی منزل تک پہنچانے کیلئے ساتھ ہوں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ واردات کو روکا جا سکے۔

یہ اقدام خاص طور پر اُن علاقوں میں اہم قرار دیا جا رہا ہے جہاں بینکوں کے باہر نگرانی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال کا دو دہائیوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا،حیران کن اعداد وشمار

تاہم ابتدائی رپورٹس کے مطابق شہریوں کی بڑی تعداد اس سکیورٹی سروس سے فائدہ نہیں اٹھا رہی۔ ماہرین کے مطابق اس کی بڑی وجہ پولیس پر اعتماد کی کمی اور نظام سے متعلق خدشات ہیں۔

کراچی میں ماضی میں پیش آنے والے واقعات نے شہریوں کو محتاط بنا دیا ہے، جس کے باعث اکثر لوگ اپنی مدد آپ کے تحت یا نجی سکیورٹی پر انحصار کرتے ہیں۔

Related Articles