پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کا سمندر میں 12 گھنٹے سے زائد آپریشن جاری ہے،طیارے کا ملبہ اوماڑہ کے ساحل سے 53ناٹیکل مائل جنوب میں ملا۔
نجی کمپنی کے کارگو طیارے کی تلاش کے لیے پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کا سرچ آپریشن جاری،پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے نے سمندر میں 12 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے آپریشن کے دوران لاپتہ طیارے کا ملبہ تلاش کر لیا۔
طیارے کا ملبہ اوڑمارہ کے ساحل سے 53 نوٹیکل مائل جنوب میں ملا،مزید شواہد اور عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے سمندر میں ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں،پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے بحری اور فضائی اثاثے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ شارجہ سے کراچی آنے والا K-2 ایئرویز کا کارگو طیارہ کراچی کے مغرب میں خلیج کے علاقے میں ریڈار سے لاپتا ہوگیا تھا ، کارگو فلائٹ نمبر KTA-1732 شارجہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی، جو کراچی سے تقریباً 300 کلومیٹر دور خلیج میں ریڈار سے غائب ہوگئی۔
دورانِ پرواز طیارے کے پائلٹ نے نیویگیشن مسئلے کی اطلاع دی اور ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) سے ہیڈنگ کی درخواست کی جس پر طیارے کو موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
طیارہ اچانک دائیں جانب مڑا اور تیزی سے بلندی کھونے لگا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طیارے کے نیچے آنے کی رفتار تقریباً 15 ہزار فٹ فی منٹ ریکارڈ کی گئی، جبکہ اے ٹی سی کی متعدد کالز کے باوجود طیارے کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔کراچی کے مغرب میں تقریباً 155 ناٹیکل میل دور طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا تھا۔