شمالی وزیر ستان میں سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے 28 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ متعدد لاشیں مقامی افراد کے ذریعے برآمد کی گئیں،سیکورٹی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران علاقے کو کلیئر کرتے ہوئے سیکیورٹی اہلکاروں نے مکمل انخلاء بھی مکمل کر لیا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران 28 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن میں ایک اہم ہدف (ہائی ویلیو ٹارگٹ) بھی شامل بتایا جاتا ہے،کارروائی کے بعد مختلف مقامات سے 12 لاشیں برآمد کی گئیں جبکہ مزید 7 سے 8 لاشیں کواڈ کاپٹر کے ذریعے دکھائی گئیں۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بڑی مقدار میں بارودی مواد اور دھماکہ خیز آلات برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا ، سیکورٹی ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 11 آئی ای ڈیز کو تلاش کر کے ناکارہ بنا دیا گیا، جس سے ممکنہ بڑے نقصان کو روکا گیا۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد علاقے میں کلیئرنس مکمل کر لی گئی ہے اور مختلف مقامات پر قائم عارضی پوزیشنز کو ختم کیا جا رہا ہے، اس دوران 243 ونگ کی جانب سے دو مقامات پر زیر تعمیر چیک پوسٹس کی نگرانی بھی جاری رہی۔
مقامی افراد کو بعض لاشوں کی برآمدگی میں مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ قبائلی عمائدین کو کہا گیا ہے کہ وہ تمام لاشیں متعلقہ ہیڈکوارٹر تک پہنچانے میں تعاون کریں۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مستحکم بنانے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔