خضر حیات کا علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرنے کا مطالبہ

خضر حیات کا علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرنے کا مطالبہ

پاکستان مسلم لیگ ن رہنما ارباب خضرحیات نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختون خواہ کیخلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کیا جائے ۔

خضر حیات میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور سمیت گرڈ سٹیشنوں پر حملے کرنے والوں کیخلاف فوری ایف آئی آر درج کر کے انہیں گرفتار کیا جائے ۔انکا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا صوبے کو وفاق سے لڑانا چاہتے ہیں ۔ گرڈ سٹیشنوں پر حملے اور زبردستی فیڈرز کھولنا ریاست کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے ۔ اب شہد والی سرکار کے دن گنے جا چکے ہیں بدمعاشی سے حکمرانی کرنے کے دن گئے ۔

انکا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور اپنے حرکتوں کی وجہ سے صوبہ کو گورنر راج کی طرف لے جا رہے ہے ۔آئندہ کسی گرڈ سٹیشن پر حملہ ہوا یا زبردستی کوئ فیڈر کھولا گیا تو وزیراعلی ہاؤس بھی محفوظ نہیں رہے گا۔

علی امین گنڈا پور کی وفاق کو دھمکی:

دوسری جانب گزشتہ روز وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا تھا کہ بجلی کی مد میں وفاق پر ہمارے 1600 ارب روپے ہیں، وفاق نے ڈیڑھ ماہ کا وقت مانگا جو پورا ہوگیا اب ہم ہر اقدام کے لیے آزاد ہیں، اگلے اقدام کے طور پر نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی بند کرسکتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ بجلی کی مد میں وفاق کے ذمے خیبر پختونخوا کے 1600 ارب روپے واجب الادا ہیں جو مشترکہ مفادات کونسل سے منظور شدہ ہیں، واپڈا سے جڑے تمام حل طلب معاملات طے کرنے کے لئے ہم نے وفاقی حکومت کے ساتھ بات چیت کی، لائن لاسز کے معاملے کو حل کرنے کے لئے ہم نے بھر پور تعاون کیا، جن علاقوں میں بہت زیادہ لاسز ہیں وہاں لوگوں کو سولر سسٹم دینے کے لئے ہم نے 10 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

وزیراعلی نے کہا کہ معاملات طے کرنے کے لئے ہم نے وفاق کو 15 دن کی ڈیڈلائن دی تھی، وفاق نے ڈیڑھ مہینے کا ٹائم اور تعاون مانگا تھا اور ہم نے بھر پور تعاون کیا، وفاقی حکومت مینڈیٹ چوری کرکے جھوٹ کی بنیاد پر حکومت میں بیٹھی ہے.

انہوں ںے کہا کہ میں اپنے تمام پارلیمنٹرینز اور پارٹی ذمہ داران سے کہتا ہوں کہ اب وہ بحیثیت منتخب نمائندہ میری پالیسی پر عمل کریں گے، اگر میری دی ہوئی پالیسی پر عمل ہوگا تو بحیثیت عوامی نمائندہ ہم سب کی عزت ہوگی، میں اپنے لوگوں کو پیغام دیتا ہوں کہ کسی نے بھی واپڈا کے اثاثوں کو نقصان نہیں پہنچانا، یہ ہمارا اثاثہ ہے کیونکہ یہ ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے بنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کی طرف سے 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کم کرکے 18 گھنٹے کرنے کے وعدے پر عمل نہیں ہوا، میں اعلان کرتا ہوں کہ صوبے کے کسی بھی فیڈر پر 12 گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، تمام پارلیمنٹیرئینز اپنے اپنے علاقوں میں اس شیڈول کی خود نگرانی کرکے اس بات کو یقینی بنائیں، عوام نے آپ لوگوں کو ووٹ دیا اور آپ کے لیے غیرت کا مظاہرہ کیا ہے اب آپ لوگوں کو بھی عوام کے لئے غیرت کا مظاہرہ کرنا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *