نان بائی ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ اگلے ہفتے تک روٹی کی قیمت میں اضافہ کر دیا جائے گا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق فائن اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث سرکاری ریٹ پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں رہا۔ اس وقت سادہ روٹی کی سرکاری قیمت 14 روپے جبکہ نان کی سرکاری قیمت 25 روپے ہے۔ تاہم بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
طلب اور رسد میں فرق بڑھنے کے ساتھ پنجاب حکومت کی جانب سے آٹے اور گندم کی ترسیل پر پابندی نے دیگر صوبوں کے مسائل بھی بڑھا دیے ہیں۔
کراچی میں چند دنوں کے دوران 100 کلوگرام گندم کی بوری کی قیمت 7200 روپے سے بڑھ کر 9300 روپے ہو گئی ہے جبکہ 50 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 5 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پشاور میں 100 کلو گرام گندم کی بوری 9800 روپے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 2500 روپے سے زائد میں فروخت ہو رہا ہے۔
کوئٹہ میں 100 کلوگرام گندم کی بوری کی قیمت 9600 روپے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 2130 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں بھی گندم کی بوری کی قیمت 900 سے 1000 روپے تک بڑھ گئی ہے۔ راولپنڈی میں فی من گندم 3700 روپے جبکہ لاہور میں 3500 روپے میں دستیاب ہے۔ ان شہروں میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 150 روپے تک مہنگا ہو چکا ہے اور نیا ایکس مل ریٹ 1450 روپے ہو گیا ہے، جس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔