پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ کوئی بھی ایپکس کمیٹی پارلیمان سے بالا تر نہیں ، ملک میں کسی بھی قسم کے آپریشن کی مخالفت کرتے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ہم نے پارلیمان میں بات کرنے کی کوشش کی جس پر ہمارے مائیک بند کر دیئے گئے جس کی وجہ سے ہم نے پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کیا۔ بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ کوئی بھی آپریشن کرنے کے لیے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا ضروری ہوتا ہے ، آئین کے مطابق پارلیمان سپریم ہے، کوئی بھی کمیٹی کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہو؟۔
کوئی بھی آپریشن کرنے سے قبل پارلیمان کو اعتماد میں لیا جائے، کوئی بھی اپیکس کمیٹی پارلیمان سے بالا نہیں ہو سکتی۔ اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ ہم کسی آپریشن کی حمایت نہیں کرتے، کوئی فیصلہ یا معاہدہ ہوا ہے تو اسے پار لیمنٹ میں لایا جائے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے لیے آپریشن عزم استحکام کی منظوری دی گئی تھی۔
نیشنل ایکشن پلان سے متعلق ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزراء اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شریک تھے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کا کہنا تھا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا رویہ اپوزیشن کے ساتھ ٹھیک نہیں ہے، ان کا کہناتھا کہ درحقیقت فارم 45 کے تحت 180 سیٹیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہیں۔ اس کی وجہ سے حکمرانوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں ۔ سیاسی مخالفین کو پی ٹی آئی کی سیٹیں ہضم نہیں ہو رہیں جس کی وجہ سے یہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں ۔