وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے 53ویں قومی دن عید الاتحاد کی مرکزی تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یو اے ای کے ساتھ اپنی دیرینہ، مضبوط اور اسٹریٹجک شراکت داری پر فخر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور ملکی معاشی استحکام میں انتہائی اہم کردار ادا کیا، جسے پاکستان نہ صرف قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے بلکہ اسے اپنی دوستی کا قابلِ فخر سرمایہ سمجھتا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ اس پروقار تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، اعلیٰ حکومتی حکام، سفارتی نمائندوں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ یو اے ای کے قومی دن کی تقریب میں شرکت اُن کے لیے اعزاز ہے، کیونکہ متحدہ عرب امارات نے گزشتہ دہائیوں میں وژن، قیادت اور مثالی حکمتِ عملی کے ذریعے ترقی کا وہ سفر طے کیا ہے جسے پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 15 لاکھ پاکستانی یو اے ای میں رہائش پذیر ہیں جو وہاں کی معاشی، سماجی اور تکنیکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قابلِ تجدید توانائی، مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر جیسے شعبوں میں یو اے ای کی سرمایہ کاری نہ صرف قابلِ تحسین ہے بلکہ پاکستان ایسے تمام منصوبوں کو دل سے خوش آمدید کہتا ہے۔
انہوں نے اماراتی قیادت اورعوام کو یومِ اتحاد پر مبارکباد بھی پیش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں یو اے ای کے سفیر سالم محمد الزعابی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات پانچ دہائیوں سے زائد پر محیط ہیں، جو تاریخ، ثقافت، بھائی چارے اور باہمی اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وقت کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات نہایت مضبوط ہوئے ہیں اور مستقبل میں بھی اس دوستی کے نئے در کھلتے رہیں گے۔ سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لحاظ سے بے حد پرکشش ملک ہے، جہاں توانائی، زراعت، سیاحت، ٹیکنالوجی اور لاجسٹکس سمیت کئی شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔