محکمہ موسمیات کی ملک کے مختلف شہروں میں بارش ہونے کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں 8 جولائی سے مون سون کی پہلی بارش کا امکان کیا ہے۔ ہفتے کو کراچی میں ہیٹ ویو کی صورتحال رہی اور درجہ حرارت 38.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔اتوار سے غیر فعال سمندری ہوائیں مکمل بحال ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو شہر میں چھٹے روز بھی گرم و مرطوب دن ریکارڈ ہوا جس کے دوران جزوی اور مکمل ہیٹ ویو جیسی صورتحال رہی، سمندری ہوائیں معطل ہونے اور بلوچستان کی شمال مشرقی سمت کی گرم ہوائیں چلنے کے سبب دوپہر کے وقت شدید گرمی اور حبس محسوس کیا گیا۔چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق مون سون کے باقاعدہ سسٹم کے تحت 8 جولائی سے شہر میں بارش کا امکان ہے۔سردار سرفراز کے مطابق ہفتے کو بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دبا شہر سے مزید دور چلے جانے کے سبب بارشوں کا امکان ختم ہوگیا تھا تاہم اس سسٹم کے اثرات کے نتیجے میں کہیں کہیں بوندا باندی اور پھوار ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد رہا، ہیٹ انڈیکس گرمی کا اصل درجہ حرارت سے زائد احساس 48ڈگری سینٹی گریڈرہا۔ ، اتوار اور پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 تا 37 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جس کے باعث پی ڈی ایم اے کو الرٹ کر دیا گیا ہے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔

