آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ جیتنے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بھی ٹی 20 انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
بارباڈوس میں بھارت نے جنوبی افریقا کو سنسنی خیز مقابلے میں 7 رنز سے شکست دے کر دوسری بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ بھارت نے 2007 میں دھونی کی قیادت میں پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی ٹرافی اٹھائی اور اب روہت شرما نے دوسری بار بھارت کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت دوسری بار ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا چیمپیئں بن گیا
جنوبی افریقا کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے کے بعد پہلے ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور پھر پریس کانفرنس میں روہت شرما نے بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز سے ریٹائر منٹ کا اعلان کر دیا۔ روہت شرما نے کہا کہ اس فارمیٹ کو ورلڈکپ جیتنے کے بعد خیر باد کہنے سے اچھا کوئی موقع نہیں تھا، میں ون ڈے اور ٹیسٹ کھیلتا رہوں گا۔ ان کے اس شاندار کیریئر میں پانچ سنچریاں بھی شامل ہیں جبکہ روہت شرما نے سب سے زیادہ 205 چھکے بھی لگائے۔
دوسری جانب بھارت کے مایہ نازكھلاڑی ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ ویرات کوہلی نے یہ اعلان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کا فائنل جیتنے کے بعد کیا، پوسٹ میچ پریزنٹیشن کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ انکا بھارت کی طرف سے آخری ٹی ٹوئنٹی ہے۔
ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ یہ بھارت کےلیے میرا آخری ٹی ٹوئنٹی تھا۔ ہم سب یہ ورلڈ کپ جیتنا چاہتے تھے، اس بات میں کوئی شک نہیں تھا کہ یہ میرا آخری ورلڈکپ ہوگا۔ویرات کوہلی نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ نئی نسل کےلیے جگہ چھوڑی جائے، امید ہے کچھ اچھے پلیئرز ٹیم کو آگے لے کر جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی رہائی، خواجہ آصف بول پڑے
واضح رہے کہ ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 1292 رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔انہوں نے 2012، 2014، 2016، 2021، 2022 اور 2024 ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کی۔ علاوہ ازیں وہ 2014 اور 2016 میں مسلسل دو مرتبہ پلیئر آف دا ٹورنامنٹ بھی رہے ہیں۔