سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے مونیٹائزیشن کے عمل کو مزید آسان بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا ہے جس کے بعد پاکستان سمیت مختلف ممالک کے صارفین کے لیے فیس بک سے ڈالرز میں آمدنی حاصل کرنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
فیس بک دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں شمار ہوتا ہے جہاں لاکھوں افراد نہ صرف تفریح اور معلومات کے حصول کے لیے سرگرم ہیں بلکہ اسے باقاعدہ ذریعہ آمدن کے طور پر بھی استعمال کر رہے ہیں۔ متعدد کانٹینٹ کریئیٹرز، وی لاگرز اور فری لانسرز فیس بک کے مونیٹائزیشن پروگرامز کے ذریعے ہر ماہ خاطر خواہ آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔
ماضی میں فیس بک پر مونیٹائزیشن حاصل کرنے کے لیے نسبتاً سخت شرائط پوری کرنا ضروری ہوتا تھا۔ ان شرائط میں عموماً 10 ہزار فالوورز، لاکھوں منٹس کا واچ ٹائم اور دیگر اہداف شامل ہوتے تھے جنہیں پورا کرنا نئے یا چھوٹے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے ایک بڑا چیلنج سمجھا جاتا تھا۔
تاہم حالیہ اپڈیٹ کے مطابق بعض فیس بک پیجز اور اکاؤنٹس کو مونیٹائزیشن ٹول تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ایک نیا اور نسبتاً آسان ہدف دیا جا رہا ہے۔ اس نئے معیار کے تحت اگر کوئی پیج 28 دنوں کے دوران 3 لاکھ ویوز حاصل کر لیتا ہے تو اسے کانٹینٹ مونیٹائزیشن کے لیے اہل قرار دیا جا سکتا ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا ماہرین کے مطابق 28 دنوں میں 3 لاکھ ویوز کا ہدف ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ قابلِ حصول ہے خصوصاً ایسے کریئیٹرز کے لیے جو مستقل بنیادوں پر ویڈیوز، ریلز اور دیگر دلچسپ مواد شیئر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مختصر دورانیے کی ویڈیوز اور معیاری کانٹینٹ کے ذریعے یہ ہدف نسبتاً کم وقت میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ صرف ویوز حاصل کرنا ہی کافی نہیں ہوگا بلکہ فیس بک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز، کانٹینٹ پالیسیز اور مونیٹائزیشن قوانین کی مکمل پاسداری بھی ضروری ہوگی۔ پالیسیوں کی خلاف ورزی کی صورت میں مونیٹائزیشن کی درخواست مسترد یا اکاؤنٹ کی آمدنی محدود کی جا سکتی ہے۔
سوشل میڈیا سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ اگر یہ معیار وسیع پیمانے پر نافذ کیا جاتا ہے تو اس سے پاکستان میں ہزاروں نئے کانٹینٹ کریئیٹرز کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اور آن لائن کمائی کے مواقع میں مزید اضافہ ہوگا۔
یاد رہے کہ فیس بک کی جانب سے مونیٹائزیشن کی اہلیت مختلف اکاؤنٹس، علاقوں اور پروگرامز کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہے، اس لیے صارفین کو اپنے پیج کے پروفیشنل ڈیش بورڈ یا مونیٹائزیشن سیکشن میں دستیاب شرائط کا جائزہ لینا چاہیے۔