الشفا ٹرسٹ آئی ہاسپٹل نے لاہور میں ایشیاء کے جدید ترین آنکھوں کے ہسپتال کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ جدید سہولیات سے آراستہ یہ منصوبہ پاکستان میں آنکھوں کے علاج اور قابلِ بچاؤ اندھے پن کے خاتمے کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
صدر الشفا ٹرسٹ میجر جنرل (ر) رحمت خان نے منصوبے کے آغاز کو ٹرسٹ کے مشن میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ہسپتال کا مقصد آنکھوں کے معیاری علاج کی سہولیات کو مزید وسعت دینا اور عوام کو جدید طبی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔
ہسپتال کی تعمیر کا ٹھیکہ لاہور کی ایک تعمیراتی فرم کو دیا گیا ہے، معاہدے کے تحت تعمیراتی کام میں تاخیر کی حوصلہ شکنی کے لیے خصوصی شقیں شامل کی گئی ہیں جبکہ 13 ماہ کے اندر ہسپتال کے گرے اسٹرکچر کی تکمیل لازمی قرار دی گئی ہے۔
منصوبے کے آغاز سے قبل ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں الشفا ٹرسٹ کے حکام، انجینئرز، کنسلٹنٹس اور تعمیراتی عملے نے شرکت کی۔ تقریب میں ہسپتال کی بروقت اور کامیاب تکمیل کے لیے دعا بھی کی گئی۔
میجر جنرل (ر) رحمت خان کے مطابق یہ جدید ہسپتال رنگ روڈ لاہور پر پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کردہ 70 کنال اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ہسپتال میں 20 جدید آپریشن تھیٹرز قائم کیے جائیں گے، جہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آنکھوں کے پیچیدہ آپریشن اور علاج کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد یہ ہسپتال تقریباً 2 کروڑ افراد کو طبی سہولیات فراہم کرے گا جبکہ سالانہ 6 لاکھ سے زائد مریضوں کے علاج کی گنجائش ہوگی۔ مستحق مریضوں کے لیے مفت علاج کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
الشفا ٹرسٹ کے مطابق پاکستان میں بینائی کے مسائل صحتِ عامہ کا ایک بڑا چیلنج ہیں۔ ملک میں 2 کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد اندھے پن یا کمزور بینائی کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ اندھے پن کے نصف سے زیادہ کیسز کی بڑی وجہ موتیا قرار دی جاتی ہے۔ وسطی پنجاب میں بینائی سے محرومی کے مسائل کی شرح بھی نمایاں ہے۔
الشفا ٹرسٹ اس وقت راولپنڈی، سکھر، کوہاٹ، مظفرآباد، چکوال، گلگت اور حویلی لکھا میں آنکھوں کے سات ہسپتال چلا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ٹرسٹ نے ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں 15 ہزار سے زائد مفت اسکریننگ اور سرجیکل کیمپس بھی منعقد کیے ہیں۔
اس منصوبے کے لیے فنڈز جمع کرنے کی غرض سے ایک تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں معروف فنکار راحت فتح علی خان اور استاد نور بخش نے پرفارم کیا۔ تقریب میں مخیر حضرات نے ہسپتال کی تعمیر کے لیے 10 کروڑ روپے سے زائد عطیات دینے کا اعلان کیا۔
الشفا ٹرسٹ حکام کا کہنا ہے کہ لاہور کا یہ نیا منصوبہ ملک میں آنکھوں کے علاج کے شعبے میں ایک نمایاں اضافہ ثابت ہوگا اور لاکھوں افراد کو بہتر بینائی اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں مدد دے گا۔