محکمہ موسمیات نے 4 جولائی سے 7 جولائی کے درمیان مون سون بارشوں کے سلسلے کی پیشنگوئی کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر اور فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے دریائوں کے آبی بہائو سے متعلق رپورٹ جاری کردی ۔رپورٹ کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث (آج )3جولائی سے تمام بڑے دریائوں اور ان کے معاون دریائوں میں پانی میں اضافے کا امکان ہے جبکہ دریائے چناب کے مقام مرالہ اور اسکی ڈائون سٹریم علاقوں اور دریائے کابل میں نوشہرہ اور اس کی معاون ندیوں / نالے میں 4 جولائی سے 7 جولائی کے دوران درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی، ہائی الرٹ
عوام سے گزارش ہے کہ وہ حالات سے باخبر رہیں اور سیلاب کی صورت حال، موسم کی رپورٹس اور اپ ڈیٹس پر کڑی نظر رکھیں، ہدایات پر عمل کریں۔مقامی حکام کی جانب سے احکامات جاری ہونے پر فوری طور پر انخلا کریں، سیلابی پانی سے اپنے آپ کو بچائیں، سیلابی پانی جراثیم کی موجودگی کے باعث مختلف بیماریوں اور بجلی کی تاروں کے ٹوٹنے کے باعث کرنٹ لگنے کا سبب بن سکتا ہے،سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کے مکین اپنے خاندان کے ساتھ انخلا کے منصوبے تیار کریں، محفوظ مقام کی نشاندہی کریں اور ضروری سامان کے ساتھ ہنگامی کٹ کی تیاری بھی یقینی بنائیں۔ مسافروں سے التماس ہے کہ وہ شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔این ڈی ایم اے وفاقی اور صوبائی محکموں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ اس ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور تیاریوں کو یقینی بنایا جا سکے۔ عوام سے گزارش ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔