عظیم کرکٹر کین ولیمسن کا انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

عظیم کرکٹر کین ولیمسن کا انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

نیوزی لینڈ کرکٹ کے سنہرے دور کا ایک اور باب اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز کین ولیمسن نے 16 سالہ شاندار بین الاقوامی کیریئر کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے،کین ولیمسن کی ریٹائرمنٹ کی خبر نے کرکٹ شائقین کو افسردہ کر دیا جبکہ دنیا بھر کے کھلاڑی اور مداح انہیں خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کامیاب ترین بلے بازوں میں شمار ہونے والے کین ولیمسن نے اپنے کیریئر میں مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 378 بین الاقوامی میچز میں مجموعی طور پر 19 ہزار 346 رنز اسکور کیے جو نیوزی لینڈ کی جانب سے ایک ریکارڈ ہے۔ انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کا لارڈز ٹیسٹ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا آخری میچ ثابت ہوا، جہاں وہ پہلی اننگز میں کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے جبکہ دوسری اننگز میں 18 رنز بنا سکے۔

 یہ بھی پڑھیں :کین ولیمسن کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

اپنے ریٹائرمنٹ بیان میں کین ولیمسن نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے اس فیصلے پر غور کر رہے تھے اور انہیں محسوس ہوا کہ اب الوداع کہنے کا مناسب وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ہمیشہ باعثِ فخر رہا اور وہ اس سفر کو زندگی کا سب سے بڑا اعزاز سمجھتے ہیں۔

اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو ولیمسن نے 110 ٹیسٹ میچز میں 9515 رنز اور 33 سنچریاں اسکور کیں جبکہ 175 ایک روزہ میچز میں 7256 رنز بنائے جن میں 15 سنچریاں شامل ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی انہوں نے 93 میچز میں 2575 رنز اپنے نام کیے۔

 یہ بھی پڑھیں :پی ایس ایل  10، کین ولیمسن نے بھی رجسٹریشن کرالی 

کین ولیمسن نہ صرف اپنی شاندار بیٹنگ بلکہ پرسکون مزاج، مثالی قیادت اور کھیل کے اعلیٰ اخلاقی معیار کی وجہ سے بھی ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ نیوزی لینڈ کرکٹ ایک ایسے عظیم کھلاڑی سے محروم ہو گئی ہے جس نے اپنی صلاحیتوں اور کردار سے لاکھوں دل جیتے۔

editor

Related Articles