فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے گھانا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف کی ملاقات ،دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال، جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،دونوں ممالک نے عسکری تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق راولپنڈی میں گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیاپونگ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہوئی۔
جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کے بعد دونوں ممالک کی اعلیٰ عسکری قیادت کے درمیان اہم ملاقات منعقد ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور گھانا کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے فوجی تربیت، انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انسدادِ دہشت گردی میں کامیابیوں کو سراہا اور دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران گھانا کے قومی سلامتی رابطہ کار نے نیول ہیڈکوارٹرز اور ایئر ہیڈکوارٹرز میں بھی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقاتوں کے اختتام پر دونوں ممالک نے پاک گھانا دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔