مہنگائی کا طوفان بے قابو ہوگیا، دالوں کی قیمتوں میںفی کلو 100روپے تک اضافہ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بجٹ کے بعد دالوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، دالیں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہوگئیں،دال چنے کی قیمت300روپے سے تجاوز کرگئی۔ ملک کے سب سے بڑے ہول سیل بازار میں دالوں کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔گذشتہ دو ہفتوں کے درمیان دالوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں جب کہ بجٹ میں ٹیکسز کے بعد ہول سیل بازار میں امپورٹرز نے دال کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کردیا ہے۔
ہول سیل گروسرز ایسویسی ایشن کے مطابق دال چنا درجہ اول کے ریٹ میں دو ہفتوں میں 89 روپے، درجہ دوئم میں 94 روپے کا کا ریکارڈ اضافہ ہوا جب کہ دال چنا درجہ اول کی قیمت 231 سے بڑھ کر 320، درجہ دوئم 215 سے بڑھ کر 310 روپے ہوگئی۔کابلی چنا درجہ اول کی قیمت میں 48 روپے کا اضافہ ہوا جس کی قیمت 362 سے بڑھ کر 410 روپے ہوگئی جب کہ کابلی چنا درجہ دوئم 27 روپے اضافے سے 325 روپے سے بڑھ کر 352 روپے کا ہوگیا۔دال مونگ درجہ اول کی قیمت 50 روپے اضافے سے 320 روپے کلو ہوگئی، دال مونگ درجہ دوئم کی قیمت میں 40 روپے کا اضافہ ہوا جس کی قیمت 260 روپے سے بڑھ کر 300 روپے ہوگئی۔
اسی طرح دال ماش درجہ اول کی قیمت 10 روپے اضافے سے 520 روپے کلو ہوگئی جب کہ بیسن کی قیمت میں 75 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، بیسن کی فی کلو قیمت 230 سے بڑھ کر 305 روپے ہوگئی ہے۔دوسری جانب وفاقی بجٹ 2024-25ء میں ٹیکس لگنے کے بعد گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کوکنگ آئل میں 30سے 40روپے فی کلو کا فرق دیکھا گیا جبکہ پاڈر دودھ، پیک شدہ دودھ، چائے اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی جولائی میں اضافہ دیکھا گیا۔ٹیکس لگنے کے بعد رفحان کارن آئل 5لیٹر 4,900روپے،اوکے کوکنگ آئل 5لیٹر 2,025روپے،ڈالڈا کوکنگ آئل 5لیٹر 2585روپے،ڈالڈا سورج مکھی کا تیل 5لیٹر 2585روپے،میزان کوکنگ آئل 5لیٹر 2400روپے،ڈالڈا کوکنگ آئل 1لیٹر 525 روپے،ایوا کوکنگ آئل 5لیٹر 2590روپے،سیزن کینولا آئل 3لیٹر 1,351روپے،ڈالڈا کینولا آئل 5لیٹر 2585روپے،صوفی کینولا آئل 5لیٹر 2600روپے،حبیب کوکنگ آئل 5لیٹر 2,445روپے جبکہ صوفی سورج مکھی کا تیل 5لیٹر 2,650روپے کا ہوگیا ہے۔