کوہستان میں جنگلات کی کٹائی کی ویڈیو کا معاملہ: پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی نے فیکٹ چیک کے بعد ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دی

کوہستان میں جنگلات کی کٹائی کی ویڈیو کا معاملہ: پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی نے فیکٹ چیک کے بعد ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دی

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اظہر مشوانی نے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں جنگلات کی کٹائی سے متعلق اپنی ٹوئٹ فیکٹ چیک ہونے کے بعد ڈیلیٹ کر دی۔

سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر جنگلات کی کٹائی کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اظہر مشوانی نے ان ویڈیوز کو جعلی اور پاکستان سے باہر کی قرار دیا تھا۔ تاہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مقامی ذرائع نے ان ویڈیوز کی تصدیق کی اور فیکٹ چیک کے ذریعے بتایا کہ یہ ویڈیوز حالیہ ہیں اور خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان کی ہیں۔

فیکٹ چیک کے مطابق ویڈیوز ایک پاکستانی ٹک ٹاکر کی ہیں جو کوہستان کا رہائشی ہے، اور اس نے حالیہ جنگلات کی کٹائی کی ویڈیوز شیئر کیں۔ ویڈیوز میں جنگل کے اندر لکڑی کی اسمگلنگ کے لیے کلومیٹرز طویل راستہ بنایا گیا ہے، جبکہ گزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد بھی یہ سرگرمیاں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیکٹ چیک: بھارت ایکس پر ’’چائینہ ان انگلش‘‘ کے نام سے منسوب جعلی اکاونٹس بنا کر گمراہ کن مواد شیئر کرنے میں مصروف

آزاد فیکٹ چیک نے اس ویڈیو، اپلوڈر اور اس کی لوکیشن کی مکمل تصدیق کی ہے، اور تمام دستیاب شواہد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ویڈیو پاکستان کی ہی ہے۔ اس حوالے سے ثبوت بھی فراہم کیے گئے جن میں پہلی تصویر ٹک ٹاک اکاؤنٹ، دوسری تصویر لوکیشن جبکہ تیسری ویڈیو میں متعلقہ ٹک ٹاکر خود کیمرے کے سامنے آتے ہوئے دکھائی دیتا ہے۔

مزید برآں، کوہستان سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی صحافی نے بھی آزاد ڈیجیٹل کو تصدیق کی کہ مذکورہ ٹک ٹاکر کا تعلق کوہستان سے ہے۔

Related Articles