ملتان میں موسلا دھار بارش، گرمی کا زورٹوٹ گیا، دیگرعلاقوں میں بھی امکان ہے؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی جاری

ملتان میں موسلا دھار بارش، گرمی کا زورٹوٹ گیا، دیگرعلاقوں میں بھی امکان ہے؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی جاری

صوبہ پنجاب کے ملتان ڈویژن میں طویل حبس اور شدید گرمی کے بعد قدرت مہربان ہو گئی۔ دوپہر کے وقت اچانک کالی گھٹاؤں نے پورے آسمان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے بعد ہونے والی بارش نے موسم کو انتہائی خوشگوار بنا دیا۔

بارش کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

محکمہ موسمیات نے ملتان میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، تاہم خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں گرمی کی لہر دوبارہ پلٹ سکتی ہے۔

شہرِ قائد اور سندھ کی صورتحال

ملتان کے برعکس کراچی (شہرِ قائد) میں سورج سوا نیزے پر رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں اور موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

خیبر پختونخوا اور شمالی علاقہ جات

صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ اور بونیر میں بادل برسنے کے لیے تیار ہیں۔ کوہستان، ملاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور اور مردان سمیت دیگر علاقوں میں بھی چند مقامات پر بارش کی توقع ہے، جس سے بالائی علاقوں میں خنکی بڑھنے کا امکان ہے۔

پنجاب، اسلام آباد اور بلوچستان

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن بھر موسم گرم اور خشک رہنے کے بعد شام کو ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بوند باندی متوقع ہے۔ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، زیارت اور ژوب میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سورج کے تیور تیکھے، لاہور میں پارہ 42 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ، بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات کی نئی پش گوئی جاری

پاکستان گزشتہ چند برسوں سے شدید موسمیاتی تبدیلیوں (کلائمیٹ چینج) کی زد میں ہے، جس کی وجہ سے بارشوں کے پیٹرن میں واضح تبدیلی آئی ہے۔

مئی اور جون کے مہینوں میں جہاں پہلے خشک گرمی ہوتی تھی، اب اچانک بننے والے بادلوں (لوکل ڈویلپمنٹ) کی وجہ سے کہیں موسلا دھار بارش اور کہیں شدید حبس ہو جاتا ہے۔ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 45 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنا اب معمول بنتا جا رہا ہے۔

کراچی جیسے ساحلی شہروں میں سمندری ہواؤں کی بندش اور کنکریٹ کے پھیلاؤ کی وجہ سے ’ہیٹ آئی لینڈٔ‘ کا اثر بڑھ رہا ہے، جس سے بارش نہ ہونے کی صورت میں گرمی کی شدت دوگنی محسوس ہوتی ہے۔

Related Articles