سست انٹرنیٹ سے پریشان ہیں ؟ بڑی خوشخبری آگئی

سست انٹرنیٹ سے پریشان ہیں ؟ بڑی خوشخبری آگئی

سست انٹرنیٹ سے پریشان پاکستانیوں کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ ملک میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کے آغاز کے لیے تیاریاں تیزی سے جاری ہیں اور اس مقصد کے لیے ریگولیٹری فریم ورک آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ نے سیٹلائٹ کمیونیکیشن سے متعلق قواعد و ضوابط کا مسودہ تیار کر لیا ہے، جو اس وقت حتمی مشاورت کے مرحلے میں ہے ، اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے پارلیمان کو دیے گئے ایک تحریری جواب میں بتایا کہ یہ فریم ورک جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے فکسڈ سیٹلائٹ سروسز کے لیے لائسنسنگ کا ایک نیا فریم ورک بھی تیار کر لیا ہے، جسے منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور ایک شفاف اور مؤثر نظام قائم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اینڈرائیڈ فونزپر واٹس ایپ کی سروس ختم ہونیوالی ہے؟ صارفین کیلئے اہم خبر

نئے نظام کے تحت براڈ بینڈ سیٹلائٹ انٹرنیٹ، بیک ہال سروسز، بینڈوڈتھ کی فراہمی اور کارپوریٹ ڈیٹا سروسز جیسی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی اور یہ پیشرفت پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی۔

حکام کے مطابق متعدد عالمی کمپنیاں پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ خدمات فراہم کرنے میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں، جن میں اسٹارلنک، ون ویب، شنگھائی اسپیس کام اور اسٹائلیوٹ شامل ہیں، اس میں اسٹارلنک پہلے ہی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹریشن کرا چکی ہے۔

اس کے علاوہ اسپیکٹرم الاٹمنٹ اور لائسنسنگ کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط کیا جا رہا ہے، پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ، پی ٹی اے اور فریکوئنسی الاٹمنٹ بورڈ مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر آئی ٹی کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے آغاز سے ملک میں ڈیجیٹل خلا کم ہوگا، خاص طور پر دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں جہاں انٹرنیٹ کی سہولت محدود ہے، وہاں تیز رفتار اور قابل اعتماد انٹرنیٹ کی فراہمی ممکن ہو سکے گی ۔

حکومت نے دیگر عالمی کمپنیوں کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ پاکستان میں خدمات فراہم کرنے سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کریں اور رجسٹریشن کے عمل کو مکمل کریں تاکہ مستقبل میں جدید انٹرنیٹ سروسز کا دائرے کو مزید پھیلایا جاسکے ۔

editor

Related Articles