پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے بنیادی رکنیت ختم ہونے کے بعد شیرافضل مروت کا بڑا بیان سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق سماجی ربطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے مؤقف میں شیر افضل مروت نے کہا ہے میں پارٹی کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں، ایک بات واضح کر دوں خان کا سپاہی تھاہوں اور ہمیشہ رہوں گا، اپنے لیڈر کی رہائی کے لیے جو کوشش کر سکا کروں گا۔
انہوں نے لکھا میرے قائد کے کانوں میں میرے خلاف زہر گھولا گیا ہے، غلط فہمیاں پیدا کی گئیں، میں کوشش کروں گا لیڈر سے مل کر اپنا موقف ا ن کے سامنے پیش کروں۔ میں انہیں مطمئن کرنے کی پوری کوشش کروں گا اگر وہ مطمئن نہ ہوئے تو سیٹ ا ن کی امانت ہے اسی وقت واپس لوٹا دو ں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اندر کسی لیڈر یا کارکن کومیرے کسی فعل سے دل آزاری ہوئی ہو تو تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔ اُمید کرتا ہوں پارٹی رہنما میرے خلاف بیان بازی سے اجتناب کریں گے۔ میرے کوئی سیاسی عزائم نہیں لہذا اس فیصلے کا میرے مستقبل پر مثبت یا منفی اثر نہیں پڑے گا، لیکن مجھے افسوس رہے گا کہ مجھے باضابطہ سنے بغیر میرے خلاف یکطرفہ فیصلہ صادر کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت منسوخ کرتے ہوئے ان سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے ایڈیشنل جنرل سیکر ٹری فردوس شمیم نقوی نے نوٹیفکیشن جاری کر تے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی نے سنگین خلاف ورزیوں پر شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔