بالی ووڈ اداکار ارباز خان کو کولکتہ میں ایک تقریب کے دوران اس وقت غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک نامعلوم شخص مبینہ طور پر ان کی گاڑی میں جا بیٹھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریب کے اختتام پر جب ارباز خان اپنی گاڑی کی جانب بڑھے تو انہوں نے دیکھا کہ ایک اجنبی شخص پہلے ہی گاڑی کے اندر موجود ہے، جس پر اداکار حیران رہ گئے اور ناراضی کا اظہار کیا۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی اہلکار حرکت میں آئے اور مذکورہ شخص کو گاڑی سے باہر نکال دیا۔ رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی عملے نے اسے روکنے کی کوشش کی، تاہم وہ مسلسل اداکار کے قریب جانے کی کوشش کرتا رہا۔
عینی شاہدین کے مطابق مذکورہ شخص خود کو ارباز خان کا مداح قرار دے رہا تھا، جبکہ موقع پر موجود افراد نے بھی اسے وہاں سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
کولکتہ کے مہاجاتی سندن آڈیٹوریم میں پیش آنے والے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین سیکیورٹی انتظامات پر بھی سوالات اٹھا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ارباز خان حال ہی میں فلم ’’بیہو اٹیک‘‘ میں نظر آئے تھے، جس میں ڈیزی شاہ، راہول دیو اور رضا مراد نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔ تاہم فلم کو ناقدین کی جانب سے زیادہ پذیرائی حاصل نہیں ہو سکی۔اداکار کی آئندہ آنے والی فلموں میں ’’کیسر سنگھ‘‘ اور ’’ریٹرن ٹکٹ‘‘ شامل ہیں، جن کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔