اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے خلاف تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔مزید افسران کو شامل تفتیش کر لیا گیا۔
اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ظفر اور سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اکرم کے قریبی ساتھیوں سمیت مزید 2 جیل اہلکاروں سے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے ۔ سابق ڈپٹی سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی معلومات کی بنیاد پر مزید چھ ملازمین سے پوچھ گچھ کی جائے گی، جن میں دو آرڈررز، تین وارڈرز اور ایک ہیڈ وارڈر شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنرل فیض حمید ملک اثاثہ تھا جسے ضائع کر دیا گیا، عمران خان
تمام ملازمین وسیم اکرم کے قریبی سمجھے جاتے ہیں جن پر چیئرمین پی ٹی آئی کو سہولیات فراہم کرنے کا الزام ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو موبائل فون کی سہولت فراہم کرنے کی تحقیقات میں مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے ۔اس کے علاوہ تین یورپی ممالک میں واٹس ایپ کالز کے لیے استعمال ہونے والے موبائل فونز کے شواہد مل گئے، اڈیالہ جیل سے رہائی پانے والے محمد اکرم پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری اور پنجاب کے سابق صوبائی وزیر کے قریبی سمجھے جاتے ہیں۔
سابق ڈپٹی سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم پر چیئرمین پی ٹی آئی کو پیغام رسانی اور سہولیات فراہم کرنے کے الزامات کا سامنا ہے ۔سابق ڈپٹی سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم 15 سال سے زائد عرصے سے اڈیالہ جیل میں مختلف اوقات میں تعینات رہے۔ بانی پی ٹی آئی کو خلاف ضابطہ فراہم سہولیات، پیغام رسانی کے معاملات پر جیل انتظامیہ کی میٹنگ آج ہونے کا امکان ہے۔

