گوگل کروم صارفین کی آسانی کے لئے نیا فیچر متعارف کروانے والا ہے ، جس کے سبب اینڈرائیڈ ڈیوائسز اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر کروم صارفین کو تمام گوگل اکاؤنٹ ڈیٹا تک رسائی میں مدد مل سکے گی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق گوگل کروم کی جانب سے یہ فیچر آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے بھی متعارف کرانے کا اعلان کچھ عرصے قبل کیا گیا تھا۔
اس فیچر کے بعد صارفین اپنے محفوظ پاس ورڈز، شیئرنگ ٹیبز،ویب ایڈریسز اور براؤزنگ سرگرمیوں تک رسائی مختلف ڈیوائسز میں حاصل کر پائیں گے۔
ایسا کرنے سے گوگل آئی او ایس، اینڈرائیڈ اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر سنگل یونیفائی براؤزر کے طور پر امور انجام دے سکے گا، مگر ایسا جب ہوگا جب آپ اسے ایسا کرنے کی اجازت دیں گے۔
بلاگ پوسٹ میں کمپنی نے کہا کہ گوگل کروم پر سائن ان ہونے کے بعد آپ اپنے گوگل اکاؤنٹ میں محفوظ تمام پاس ورڈز، ایڈریسز اور دیگر ڈیٹا تک رسائی مختلف ڈیوائسز میں حاصل کرسکیں گے۔
اسی طرح آپ اگر دوران سفر کسی نئے فون میں سائن ان ہوتے ہیں تو تمام ڈیٹا تک رسائی اس فیچر کے باعث ممکن ہوسکے گی۔
اکاؤنٹ synchronizationکا فیچر اوپن ٹیبز اور براؤزنگ ہسٹری کے لیے خودکار طور پر ان ایبل نہیں ہوگا بلکہ آپ کو ایسا کرنا ہوگا۔
گوگل کی جانب سے ابھی یہ نہیں بتایا گیا کہ اینڈرائیڈ اور ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے یہ فیچر کب تک متعارف کروایا جائے گا۔