اسلام آباد پولیس میں بھرتیاں، اپلائی کرنے کا مکمل طریقہ کار اور آخری تاریخ سامنے آگئی

اسلام آباد پولیس میں بھرتیاں، اپلائی کرنے کا مکمل طریقہ کار اور آخری تاریخ سامنے آگئی

اسلام آباد پولیس نے سال 2026 کے لیے مجموعی طور پر 1712 آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ان آسامیوں میں ایگزیکٹو اسٹاف کے 1588 جبکہ منسٹریل اسٹاف کے 124 عہدے شامل ہیں۔ ملک بھر سے اہل مرد و خواتین امیدوار وفاقی حکومت کے مقررہ صوبائی اور علاقائی کوٹے کے تحت درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

جاری کردہ تفصیلات کے مطابق بھرتیوں میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (ASI)، کانسٹیبل، اسسٹنٹ، اسٹینو ٹائپسٹ، ڈیٹا انٹری آپریٹر، اپر ڈویژن کلرک (UDC)، لوئر ڈویژن کلرک (LDC) اور دیگر آسامیوں پر تقرریاں کی جائیں گی۔

اسلام آباد پولیس نے واضح کیا ہے کہ درخواستیں صرف آن لائن طریقہ کار کے ذریعے قبول کی جائیں گی۔ بذریعہ ڈاک، کوریئر، ای میل یا کسی بھی دیگر آف لائن طریقے سے بھیجی گئی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔ امیدوار اپنی درخواستیں 8 جولائی 2026 تک جمع کرا سکتے ہیں۔

امیدوار درخواستیں اسلام آباد پولیس کی سرکاری ویب سائٹ اور آفیشل ریکروٹمنٹ پورٹل کے ذریعے جمع کروا سکتے ہیں۔ درخواست فارم پُر کرتے وقت امیدواروں کو اپنی ذاتی، تعلیمی، ڈومیسائل اور رابطہ معلومات درست درج کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بھرتیوں کے لیے مقررہ فیس 2 ہزار روپے فی درخواست رکھی گئی ہے۔ فیس کی ادائیگی آن لائن پورٹل سے حاصل کردہ 24 ہندسوں پر مشتمل پی ایس آئی ڈی (PSID) نمبر کے ذریعے ون لنک ون بل سسٹم کے تحت کی جا سکے گی۔ امیدوار بینک، اے ٹی ایم، انٹرنیٹ بینکنگ، ایزی پیسہ، جاز کیش، یو پیسہ یا ٹائم پے کے ذریعے بھی ادائیگی کر سکتے ہیں۔ ایک سے زائد آسامیوں کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کو ہر پوسٹ کے لیے الگ فیس جمع کرانا ہوگی، جبکہ فیس ناقابل واپسی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں :کالعدم ایکشن کمیٹی بھارت کی زبان بولنے لگی ، قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی، مقدمہ درج

بھرتیوں کی تفصیلات کے مطابق ایگزیکٹو اسٹاف میں اے ایس آئی جنرل کیڈر کی 223، کانسٹیبل جنرل کیڈر کی 1334، کانسٹیبل بینڈ اسٹاف کی 22 اور کانسٹیبل ماؤنٹڈ پولیس کی 9 آسامیاں شامل ہیں۔ منسٹریل اسٹاف میں اسسٹنٹ کی 20، پروڈکشن اسسٹنٹ کی ایک، اسٹینو ٹائپسٹ کی 25، ڈیٹا انٹری آپریٹر کی 9، یو ڈی سی کی 28 اور ایل ڈی سی کی 41 آسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں گی۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق ابتدائی مرحلے میں امیدواروں کو دستاویزات کی ہارڈ کاپیاں جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی، تاہم انٹرویو کے وقت اصل دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ امیدواروں کو قومی شناختی کارڈ، تعلیمی اسناد، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، نیلے پس منظر والی دو پاسپورٹ سائز تصاویر اور اقلیتی کوٹے پر درخواست دینے کی صورت میں ڈپٹی کمشنر سے تصدیق شدہ حلف نامہ تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ غلط معلومات، جعلی دستاویزات یا مجرمانہ ریکارڈ چھپانے کی صورت میں درخواست منسوخ کی جا سکتی ہے اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ سرکاری ملازمین کو متعلقہ محکمہ کے ذریعے درخواست دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ٹرانس جینڈر افراد بھی اپنے قومی شناختی کارڈ پر درج صنفی شناخت کے مطابق درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں :سوئٹرز لینڈ میں ایران امریکہ مذاکرات کے بعد پاکستان اورقطر کا مشترکہ اعلامیہ جاری

انتخابی عمل کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایگزیکٹو اسٹاف کی آسامیوں کے لیے امیدواروں کو جسمانی استعداد ٹیسٹ، تحریری یا کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ اور بعد ازاں انٹرویو کے مراحل سے گزرنا ہوگا۔

اسلام آباد پولیس نے امیدواروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ درخواست جمع کرانے سے قبل متعلقہ آسامی کی اہلیت اور شرائط کا بغور مطالعہ کریں اور اپنی فعال موبائل نمبر اور ای میل فراہم کریں تاکہ بھرتی سے متعلق تمام معلومات بروقت موصول ہو سکیں۔

editor

Related Articles