امیر قطر کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت،کامیاب سفارتی کوششوں پر پاکستان کو مبارکباد

امیر قطر کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت،کامیاب سفارتی کوششوں پر پاکستان کو مبارکباد

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو قطر کے امیر کا ٹیلیفون موصول ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں گفتگو ہوئی۔

گفتگو کے دوران قطر کے امیر نے پاکستان کے اس کردار کو سراہا جس کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان تاریخی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ممکن ہوئے،قطری امیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور پاکستان کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے اس عمل میں قطر کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر قطر کے تعاون اور خطے میں امن کے لیے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ پیش رفت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں اور برادر ممالک کے تعاون سے ممکن ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں :سوئٹرز لینڈ میں ایران امریکہ مذاکرات کے بعد پاکستان اورقطر کا مشترکہ اعلامیہ جاری

دونوں رہنماؤں نے سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں ہونے والے تکنیکی سطح کے مذاکرات کے پہلے دور پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ مذاکراتی عمل کو کسی بھی رکاوٹ سے محفوظ رکھتے ہوئے آگے بڑھایا جانا چاہیے۔

قطر کے امیر نے راس لفان انڈسٹریل سٹی کی برزان گیس تنصیب میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا،وزیراعظم نے اس ہمدردی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی میزبانی کو سراہا، جس کی تعداد تین لاکھ سے زائد بتائی جاتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر کو ایک بار پھر پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جس پر امیر قطر نے رواں سال کے آخر میں پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی تاکہ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر مزید تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

editor

Related Articles