صدر مملکت آصف علی زرداری نے اولمپئن ارشد ندیم کو اپنی جیب سے 10کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کر دیا۔
ایوان صدر میں اولمپئن ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ جس کے بعد صدر مملکت سے چیمپئن ایتھلیٹ نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر صدر مملکت نے ارشد ندیم کی شاندار کامیابی کو سراہا۔
اس دوران صدر مملکت نے ارشد ندیم کو اپنی طرف سے 10کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ ارشد ندیم نے ملک کے نوجوانوں کو متاثر کیا ہے۔ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دیگر کھیلوں خصوصاََ سنگلز کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے بچوںکو اسکالرشپ دی جانی چاہئے۔ سندھ حکومت کو پی ایس بی انڈومنٹ فنڈ میں 250ملین روپے کا حصہ ڈالنے کا کہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ارشد ندیم مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔