خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی دو تاریخی اعزازات حاصل کرنے جا رہے ہیں۔ وہ نہ صرف صوبے کے کم عمر ترین وزیراعلیٰ ہوں گے بلکہ قبائلی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے پہلے شخص بھی ہوں گے جو اس اعلیٰ ترین منصب تک پہنچیں گے۔
محمد سہیل آفریدی کی عمر اس وقت 36 برس ہے اور وزیراعلیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد وہ یہ ریکارڈ قائم کریں گے۔ اس سے قبل یہ اعزاز سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی کے پاس تھا، جنہوں نے 2008 میں 37 سال کی عمر میں خیبرپختونخوا کی وزارتِ اعلیٰ سنبھالی تھی۔
مزید یہ کہ محمد سہیل آفریدی پہلی مرتبہ سابقہ قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے رہنما کے طور پر خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالیں گے۔ وہ ضلع خیبر سے منتخب ہوئے اور ان کا ڈومیسائل بھی اسی علاقے کا ہے، جو 2018 میں فاٹا کے انضمام کے بعد صوبے کا باقاعدہ حصہ بنا۔