اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا پنڈال سج گیا، ، مرکزی قیادت کی جانب سے رکاوٹوں کے باعث جلسہ گاہ پہنچنے میں تاخیر ہے ، جلسہ گاہ میں کارکنان کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سنی اتحاد کے سربراہ حامد رضا سمیت دیگر قیادت ایران ایونیو پر پہنچ گئی، رکاوٹوں کے باعث جلسہ گاہ میں پہنچنے میں تاخیرہے ،اس حوالے سے بیرسٹر گوہر کاکہنا ہے کہ کارکنان ہزاروں کی تعداد میں موجود ہیں،، آج کا جلسہ تاریخی ہونے جا رہا ہے،جلسہ ایک گھنٹے تک شروع ہو جائے گا۔
دوسری جانب شاہ اللہ دتہ کے مقام پر پی ٹی آئی کارکنوں نے کنٹینرز ہٹا دیئے، گاڑیوں کی ٹکر سے کنٹینرز سڑک سے نیچے گرا دیئے، کنٹینرز سڑک سے ہٹا کر مارگلہ ایوینیو کھول دیا گیا، مارگلہ ایوینیو سے ٹریفک سنگجانی کی جانب رواں دواں ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گںڈا پور بھی پشاور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے، وزیر اعلیٰ قافلوں کے پیچھے پیچھے جارہے ہیں ۔
راولپنڈی اور اسلام آباد کے کون کون سے راستے کُھلے ہیں؟
موٹروے ایم 2 لاہور جانے والی لین ٹریفک کے لیے کھلی ہے، سری نگر ہائی وے بھی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلی ہے، اسلام آباد ایئر پورٹ جانے اور واپس آنے کے لیے سری نگر ہائی وے کا راستہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
راولپنڈی ریلوےاسٹیشن سے سری نگر ہائی وے، فقیر ایپی روڈ اور آئی جے پی روڈ سے پشاور روڈ تک جا سکتے ہیں۔
موٹروے ایم 1 اور ایم 2 ٹریفک کے لیے کھلی ہیں، سری نگر ہائی وے سے موٹروے تک راستہ بھی کھلا ہے۔
جلسے کیلئے پی ٹی آئی کی قیادت کی کارکنوں کو اہم ہدایات
اسلام آباد میں جلسے کے لیے آنے ہونے والے کارکنوں کو پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے اہم ہدایات جاری کر دیں۔
پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے مقامی عہدیداروں کو قافلے میں شامل لوگوں پر کڑی نظر رکھنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی قیادت نے کارکنوں کو کسی بھی صورتِ حال میں اسلحے کا استعمال نہ کرنے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں، عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مشکوک شخص نظر آئے تو فوری طور پر اسے پکڑا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو یہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ جلسے میں کسی قسم کی بدامنی نہیں ہونی چاہیے، یوتھ ونگ ماسک، نمک اور شیلنگ سے بچاؤ کے دیگر آلات اپنے ساتھ رکھیں۔
پی ٹی آئی ذرائع کا بتانا ہے کہ راستے میں آنے والی رکاوٹیں ہٹانے کے لیے قافلوں میں کرینز، واٹر کیننز اور دیگر مشینری بھی شامل ہو گی۔
اسلام آباد راولپنڈی میں انٹرنیٹ سست روی کا شکار
جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس سست روی کا شکار ہے۔ صارفین کوسوشل میڈیا ایپس کے استعمال میں بھی دشواری پیش آ رہی ہے۔
انٹرنیٹ سروس کی سست روی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر علاقوں بالخصوص خیبر پختونخوا میں بھی انٹرنیٹ کے سست رفتار ہونے اطلاعات ہیں۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ’پی ٹی آئی کو جلسے کی جو اجازت دی گئی ہے وہ مشروط ہے، خلاف ورزی ہوئی تو جلسے جلوس سے متعلق قانون کا اطلاق ہوگا۔‘
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے این او سی منسوخ کیے جانے کے باوجود ہر صورت 22 اگست کو جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم یہ جلسہ ملتوی کر دیا گیا۔ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا تھا کہ جلسہ اب آئندہ ماہ 8 ستمبر کو ہو گا۔
مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ ’22 اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کی احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا، آٹھ ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سکیورٹی فراہم کرے گی۔‘