صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے الرٹ جاری کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کی وجہ سے پانی کے بہائو میں اضافہ ہوا جس سے رودکوہیوں میں سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں مون سون بارشوں کے باعث درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال بن سکتی ہے۔ اس حوالے سے کمشنر ڈیرہ غازی خان و ڈی سیز ڈیرہ غازی اور راجن پور انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ رود کوہیوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے اور 23 سے 24 جولائی کو ڈیرہ غازی خان کی رود کوہیوں میں درمیانے درجے کے سیلابی ریلے گزریں گے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوی دنے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہے۔انہوں نے ہدایت جاری کی کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات تیز کریں نیز رود کوہیوں کے راستوں میں قائم آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نے ہدایات جاری کیں کہ عوام الناس کو وزیر اعلیٰ کا پیغام پہنچائیں سیلاب کی صورتحال میں آپ نے اپنی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا۔ حکومت پنجاب آپ اور آپکے مال مویشیوں کا پوری طرح سے خیال رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات مکمل ہیں۔خطرے کی صورت میں آپ نے گھروں سے نکلنا ہے اور انتظامیہ سے تعاون کرنا ہےاور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔


