مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کی خبریں من گھڑت ہیں۔
نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ جعلی وفاقی حکومت کی آلہ کار بنی ہوئی ہے، پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں سے زیادتی کی جارہی ہے، انتظامیہ کارکنوں کو جلسہ گاہ نہیں جانے دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کارکنوں پر بدترین شیلنگ جاری ہے، انتظامیہ کو وقت کی فکرہوتی تو راستےمیں رکاوٹیں کھڑی نہیں کرتے، پی ٹی آئی کو ایک بار پھر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ تاریخ جعلی حکومت کا یہ ظلم یاد رکھے گی، پی ٹی آئی کارکنوں کو جلسہ سے دور رکھا گیا، ہزاروں کارکنوں کو تکلیف میں مبتلا کیا گیا ہے۔
دوسری طرف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جلسے کے شرکاء کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، پولیس نے جوابی شیلنگ بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں کا پولیس سے تصادم، پتھراؤ سے متعدد اہلکار زخمی
اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی پر جلسے کے شرکاء نے جاری کردہ روٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولیس پر پتھراؤ کیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ روٹ کی خلاف ورزی کرکے آنے والے شرکاء نے پولیس پرشدید پتھراؤ کیا، جس سے ایس ایس پی سیف سٹی اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے آج پی ٹی آئی کو جلسے کی مشروط اجازت دی گئی تھی جس کے تحت جلسہ7 بجے تک ختم کرنا تھا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلسہ منتطمین نے این او سی کے قواعد و ضوابط کےخلاف ورزی کی ہے، پولیس کو کارروائی کے احکامات جاری کردیے ہیں اور جلسہ منتظمین کو بھی کارروائی سےمتعلق آگاہ کردیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے جلسہ گاہ فوری خالی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے صدر پی ٹی آئی اسلام آباد عامر مغل کو اس حوالے سے لیٹر جاری کردیا ہے۔