بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد کے لئے اہم خبر

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد کے لئے اہم خبر

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے ملک بھر میں رجسٹرڈ مستحق خواتین کے لیے مالی امداد کی ادائیگی کے نظام میں اہم تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے ڈیجیٹل والٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد ادائیگی کے عمل کو مزید شفاف، محفوظ اور آسان بنانا ہے۔

بی آئی ایس پی حکام کے مطابق نئے نظام کے تحت مالی امداد براہِ راست مستحق خواتین کے ذاتی ڈیجیٹل والٹ میں منتقل کی جائے گی، جس سے انہیں کیش سینٹرز کے چکر لگانے، طویل قطاروں میں انتظار کرنے اور دیگر مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

ادارے نے تمام رجسٹرڈ خواتین کو ہدایت کی ہے کہ اگر انہیں ابھی تک پروگرام کی مخصوص بی آئی ایس پی سم  موصول نہیں ہوئی تو وہ جلد از جلد متعلقہ کارروائی مکمل کریں۔ حکام کے مطابق سم موصول ہونے کے بعد فوری طور پر رقم نکلوانے کے بجائے کم از کم 10 سے 12 روز انتظار کرنا ضروری ہوگا تاکہ ریکارڈ کی تکمیل اور ڈیجیٹل نظام مکمل طور پر فعال ہو سکے۔

بی آئی ایس پی کا کہنا ہے کہ جیسے ہی امدادی رقم مستحق خاتون کے ڈیجیٹل والٹ میں منتقل ہوگی، اس کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر خودکار ایس ایم ایس بھیجا جائے گا، جس میں منتقل کی گئی رقم، رقم نکلوانے کا طریقہ کار اور بینک کی جانب سے وصول کی جانے والی پروسیسنگ فیس کی مکمل تفصیلات درج ہوں گی، تاکہ ہر ادائیگی کا ریکارڈ شفاف انداز میں مستحقین تک پہنچ سکے۔

یہ بھی پڑھیں :ٹرمپ کے روس اور یوکرین کے صدور سے ٹیلیفونک رابطے، یوکرین جنگ کے خاتمے پر بات چیت

حکام کے مطابق حکومت نے بی آئی ایس پی کی سہ ماہی مالی امداد کی رقم 14 ہزار 500 روپے مقرر کر رکھی ہے، جبکہ ادائیگی کے عمل میں بینک کی پروسیسنگ فیس 280 روپے ہوگی۔ تمام مالی لین دین محفوظ ڈیجیٹل نظام کے تحت انجام دیا جائے گا، جس سے شفافیت میں اضافہ اور مستحق خواتین کو بروقت امداد کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

بی آئی ایس پی نے مستحق خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف پروگرام کی جانب سے موصول ہونے والے سرکاری ایس ایم ایس اور مستند معلومات پر اعتماد کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع یا افواہ سے گریز کریں۔

Related Articles