محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر سفری الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر، خیبرپختونخوا، بالائی و جنوبی پنجاب، مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے وقت موسم گرم رہے گا، تاہم دوپہر کے بعد مطلع جزوی ابر آلود ہونے کے ساتھ تیز ہواؤں اور بارش کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے جن اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ان میں دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، نوشہرہ، صوابی، بنوں، ہنگو، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔
اسی طرح پنجاب کے راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ اور قصور میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ کل شام اور رات کے دوران ساہیوال، نورپور تھل، بھکر، لیہ، میانوالی، پاکپتن، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کے چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس برقرار رہے گا، تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ عمرکوٹ، اسلام کوٹ، تھرپارکر، قمبر شہدادکوٹ، دادو اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 7 سے 9 جولائی کے دوران جے ایس آر اسکردو/رونڈو روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بارشوں اور زمینی کٹاؤ کے باعث سکردو اور ملحقہ علاقوں، بشمول برومدو نالہ، چمچو، مالوپا، ڈمبوڈاس، ٹورمک اور ہراموش سیکشن میں مٹی اور پتھروں کے تودے گرنے کا خطرہ ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے مسافروں، سیاحوں اور مقامی آبادی کو ہدایت کی ہے کہ پہاڑی اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ راستوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ ناگزیر سفر کی صورت میں انتہائی احتیاط برتیں۔ ادارے نے مقامی انتظامیہ کو بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موسم اور قدرتی آفات سے متعلق مستند معلومات، الرٹس اور حفاظتی ہدایات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے استفادہ کریں۔