دکانیں اور مارکیٹس اب کتنے بجے بند ہوں گی؟ نئے اوقات کار جاری،نوٹفکیشن پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ

دکانیں اور مارکیٹس اب کتنے بجے بند ہوں گی؟ نئے اوقات کار جاری،نوٹفکیشن پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ نے کفایت شعاری اقدامات کے تحت دکانوں، کاروبار اور مارکیٹس کے اوقات کار میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اب شہر بھر میں تمام دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز ہفتے کے ساتوں دن رات 8 بجے بند کر دی جائیں گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد توانائی کی بچت کو یقینی بنانا اور غیر ضروری بجلی کے استعمال کو کم کرنا ہے۔

شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض اہم شعبوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ فارمیسیز، اسپتال، پیٹرول پمپس، ڈیری شاپس، کھیلوں کی سہولیات اور معلوماتی ٹیکنالوجی و کال سینٹرز رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:موٹر سائیکل مالکان کیلئے بڑی خبر، سستا پیٹرول کہاں سے ملے گا ؟ پیٹرول پمپ آوٹ لیٹس کی تفصیلات آ گئیں

اسی طرح ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور گروسری اسٹورز کو بھی رات 10 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز پر کسی قسم کی وقت کی پابندی عائد نہیں کی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریبات کے مقامات بھی رات 10 بجے تک اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے اور یہ پابندی نجی تقریبات پر بھی لاگو ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ملک میں توانائی کے بہتر استعمال اور کفایت شعاری پالیسی کے تحت کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق جہاں ایک طرف بجلی کی بچت کو یقینی بنایا جا رہا ہے وہیں دوسری جانب عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری شعبوں کو نرمی بھی دی گئی ہے۔

تاجروں اور شہریوں کی جانب سے اس فیصلے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بعض حلقوں نے اسے توانائی بحران کے پیش نظر ضروری اقدام قرار دیا ہے، جبکہ دیگر نے کاروباری سرگرمیوں پر اس کے ممکنہ منفی اثرات پر تشویش ظاہر کی ہے۔

editor

Related Articles