ڈی جی سی آئی ایس آئی میجرجنرل فیصل نصیر کی پراسرار بیماری کے حوالےسے سوشل میڈیا پرچلنے والی خبریں بالکل جھوٹ اوربے بنیاد قرار دیدی گئیں۔
گزشتہ کئی روزسے سوشل میڈیا پرجھوٹی افواہیں زیرگردش کروائی جا رہی ہیں کہ آئی ایس آئی کے ڈی جی سی میجر جنرل فیصل نصیر شدید علیل ہیں اور اسلام آباد کے ایک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد وہ علاج کی غرض سے فیملی کے ہمراہ بیرون ملک منتقل ہوگئے ہیں۔ اس کے ساتھ یہ بھی دعوی سامنے آیا تھا کہ ان کو کوئی پراسرار بیماری لاحق ہوگئی ہے جس کی وجہ سے ان کی نئی پوسٹنگ بھی التواء کا شکار ہے۔
تاہم ذرائع کے مطابق وہ ابھی تک اپنے اسی عہدے پر ہی معمول کے مطابق فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ذرائع نے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میجر جنرل فیصل نصیر بالکل تندرست و توانا ہیں۔ان کی بیماری کے حوالے سے چلنے والی خبریں بے بنیاد اور منظم پروپیگنڈا کا حصہ ہیں۔وہ کسی بھی قسم کی بیماری کا شکار ہیں اور نہ ہی مستقبل قریب میں بیرون ملک جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ فوج میں تعیناتیاں آرمی چیف کااختیار ہوتا ہے۔آرمی چیف جب تک مناسب سمجھتے ہیں فوجی افسر کو کسی بھی محکمے میں رکھ سکتے ہیں لہذا ان کی پوسٹنگ کے حوالے سے بھی گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔