پاکستان  کی افغانستان کو زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

پاکستان  کی افغانستان کو زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے افغانستان کے مشرقی علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جس میں 800 سے زیادہ افراد جاں بحق اور تقریباً 3,000 زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:افغانستان میں زلزلے سے تباہی، اموات 800 سے متجاوز، دو ہزار سے زائد زخمی

افغانستان کے قائم مقام وزیرِ خارجہ، امیر خان متقی سے تعزیتی ٹیلیفونک رابطے کے دوران، سینیٹر اسحاق ڈار نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے افغان عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستاکنن افغان حکام کی درخواست پر ہر قسم کی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

زلزلے کی شدت 6.0 میگنیٹیوڈ ریکارڈ کی گئی، جس نے رات گئے افغانستان کے مختلف علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ کنڑ صوبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں کئی دیہات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جاں بحق افراد کی تعداد مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:پشاور، سوات، مالاکنڈ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

یہ سانحہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب افغانستان پہلے ہی شدید انسانی بحران کا شکار ہے۔ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

پاکستان کی جانب سے تعاون کی پیشکش ایسے وقت میں کی گئی ہے جب متاثرہ افراد کی مدد کے لیے علاقائی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔

Related Articles