خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں سٹی تھانے کے اندر زور دار دھماکے کے نتیجے میں عمارت زمین بوس ہوگئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا تھانہ صوابی سٹی کے مال خانے میں ہوا جہاں ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں سمیت 17افراد شدید زخمی ہوئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نےواقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے جبکہ دھماکے سے عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
واقعے کے بعد ریسکیو رضاکار اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ ریسکیو رضاکاروں نے امدادی کام شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ دھماکا ممکنہ طور پر مال خانے میں موجود دہشت گردوں سے برآمد ہونے والے بارودی مواد کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد دھماکے ہوئے۔

