صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں ایک مہینے کی توسیع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو گوشوارے جمع کرانے میں مشکلات کے سبب ایف بی آر آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کرے۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایف بی آر کے ناقص سسٹم کی وجہ سے ملک بھر میں ٹیکس دہندگان کو گوشوارے جمع کروانے میں مشکلات ہیں۔صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کی مشکلات کم کرنے کیلئے ایف بی آر کے سسٹم کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔
مزید پرھیں: پی ٹی آئی راولپنڈی احتجاج کی قیادت وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کریں گے
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرے تو ٹیکس نیٹ میں بڑا اضافہ ممکن ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایف بی آر نان فائلرز کے خلاف سخت اقدامات کے ساتھ ساتھ ٹیکس سسٹم کو بہتر کرنے پر بھی توجہ دے۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے طریقہ کار کو آسان بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، انکا کہنا تھا کہ ابھی تک صرف 26 لاکھ لوگوں نے ٹیکس ریٹرن فائل کیے ہیں، یہ اعدادوشمار مایوس کن ہیں اور یکم جولائی 2023سے اب تک ملک میں 8 لاکھ 44 ہزار سے زائد نئے ٹیکس پیئرز کا اضافہ ہوا ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ آخری تاریخ میں 1ماہ کی توسیع سے گوشوارے جمع کرانے والوں کی مجموعی تعداد 70لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔