ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے نیپرا سے ایک اور بری خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی صارفین پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کا امکان ہے
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی طرف نیپرا میں گزشتہ ماہ تیار ہونے والی مہنگے داموں بجلی کی تفصیلات پیش کرتے ہوے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست کی گئی ہے ۔ ایس پی پی آئی کی طرف سے فیول کاسٹ میں اتار چڑھاؤ کے باعث بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 26 سے 35 پیسے اضافے کیلئے درخواست کی گئی ہے
یہ اضافہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جائیگا جس کا اطلاق آئندہ بجلی کے بلوں میں کیا جائے گا۔
عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ درآمدی لاگت میں اضافہ اور مقامی پیداواری اخراجات میں بڑھوتری بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ اس کے نتیجے میں نہ صرف گھریلو صارفین بلکہ تجارتی اور صنعتی شعبہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔
دوسری جانب صارفین نے بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کے اس بوجھ کو کم کرنے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔