موٹرسائیکل کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری، ای ٹربو موٹرز نے پاکستان کی سستی اور تیز ترین الیکٹرک موٹر سائیکلز متعارف کر کے EV انڈسٹری میں ایک نئی جہت پیش کر دی۔
کراچی میں ہونے والی تعارفی تقریب میں سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن مہمان خصوصی تھے، جبکہ تقریب میں مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، کاروباری اداروں کے سی ای اوز، میڈیا نمائندے اور دیگر مہمان بھی موجود تھے۔ eTurbo Motors کی نئی موٹرسائیکلز ایک چارج میں 300 کلومیٹر تک کا سفر کر سکتی ہیں، جو کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی نقل و حمل کی ضروریات کے لیے ایک سستا اور ماحول دوست حل فراہم کرتی ہیں۔ کمپنی نے کراچی کے سائٹ ایریا میں 500 ملین روپے کی سرمایہ کاری سے جدید پیداواری سہولت قائم کی ہے، جس کی ابتدائی پیداواری صلاحیت 10,000 یونٹ سالانہ ہے اور اسے مارکیٹ کی طلب کے مطابق بڑھایا جا سکتا ہے۔
کمپنی کے سی ای او نے کہا کہ ہمارا وژن ہر پاکستانی کو سستا، ماحول دوست اور قابل اعتماد ذرائع آمدورفت فراہم کرنا ہے۔ ہم نے اپنی موٹرسائیکل کی رینج نوجوانوں اور مختلف عمر کے لوگوں کی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کی ہے، اور ہمارا مقصد پاکستان کو ایک پائیدار مستقبل کی جانب گامزن کرنا ہے۔ ای ٹربو موٹرز نے مختلف ماڈلز متعارف کیے ہیں، جن میں ECO ویریئنٹ 60 وولٹ لیتھیئم بیٹری سے لیس ہے، جو 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ ایک چارج میں 200 کلومیٹر تک سفر کر سکتی ہے۔ Warrior اور EVO ویریئنٹ 72 وولٹ بیٹری کے ساتھ ہیں، جن کی رفتار 120 کلومیٹر ہے اور یہ بھی ایک چارج میں 300 کلومیٹر تک کا سفر کر سکتی ہیں۔
کمپنی کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی PULSAR موٹرسائیکل 90 کلومیٹر کی رفتار کے ساتھ ایک چارج میں 230 کلومیٹر کا سفر کر سکتی ہے۔ چھوٹے سفر کے لیے Thunderbolt اور Thunderbird موٹرسائیکلز بھی پیش کی گئی ہیں، جو 95 کلومیٹر کی رفتار کے ساتھ ایک چارج میں 110-120 کلومیٹر کا سفر کر سکتی ہیں۔صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اس منصوبے کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا، اور کہا کہ eTurbo Motors کا آغاز پاکستان کے سبز توانائی کے عزائم کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔