اپنا گھر بنانے کے خواہشمند افراد کے لئے بڑی خبر

اپنا گھر بنانے کے خواہشمند افراد کے لئے بڑی خبر

صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب حکومت کے ‘اپنی چھت، اپنا گھر’ پروگرام میں درخواست دینے والے مزید 12,000 خاندانوں کو جلد ہی بلاسود قرضوں کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔ اس اسکیم کا مقصد کم آمدنی والے خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر میں مدد فراہم کرنا ہے۔

صوبائی وزیر بلال یاسین نے اس حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک پنجاب حکومت نے 191 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے تقسیم کیے ہیں۔ یہ پیشرفت وزیر اعلیٰ مریم نواز کے “اپنی چھت، اپنا گھر” وژن کے تحت حاصل کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر بلال یاسین اور ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی سکندر ذیشان کے درمیان ہونے والے ایک اجلاس میں بتایا گیا کہ اس اسکیم کے تحت 135,410 خاندان مالی امداد حاصل کر چکے ہیں، جبکہ 91,000 سے زائد گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور 42,000 مزید گھر زیرِ تعمیر ہیں۔ ان گھروں کی تکمیل رواں مالی سال کے دوران متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اپنا گھر بنانے کیلئے ایک کروڑ تک لون کیسے لے سکتے ہیں،طریقہ کار جانیے

حکام کے مطابق، اس اسکیم کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب تک 11 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد نے اس پروگرام میں درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ مزید یہ کہ ماہانہ اقساط کی مد میں 10 ارب روپے سے زائد کی وصولی کی جا چکی ہے، جو قرضوں کی بروقت واپسی اور پروگرام کی پائیداری کو ظاہر کرتا ہے۔

وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کا بنیادی مقصد معاشرے کے محروم طبقات کو سستی رہائشی سہولت فراہم کرنا ہے اور حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ شفافیت کے ساتھ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو اس اسکیم کے دائرے میں لایا جائے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *