ایلون مسک نے روزانہ ایک فرد کو 10 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا پہلا خوش قسمت فاتح بھی سامنے آ گیا ہے۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے لاکھوں ڈالر خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جو لوگ امریکی صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کو ووٹ دینے کا وعدہ کریں گے، وہ اس پروگرام کے ذریعے لاکھوں ڈالر حاصل کر سکتے ہیں۔
مسک نے پنسلوینیا میں ایک پٹیشن پر دستخط کرنے والوں کے لیے 5 نومبر تک روزانہ 10 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے وعدہ پورا کرتے ہوئے پنسلوینیا کے ایک رجسٹرڈ ووٹر کو 10 لاکھ ڈالر کا چیک بھی دے دیا۔ اس ووٹر کا انتخاب مسک کے بنائے ہوئے امریکا پیک گروپ نے قرعہ اندازی کے ذریعے کیا، اور وہ اپنے نام کے سن کر حیران رہ گیا۔
اب تک اس پٹیشن پر دستخط کرنے کے بعد 2 افراد یہ انعام جیت چکے ہیں۔ مسک کے اس اقدام نے نہ صرف پنسلوینیا کے گورنر جوش شاپیرو کو پریشان کیا ہے، بلکہ قانون دانوں نے بھی اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کا نوٹس لیں۔
یہ اعلان مسک نے ہفتے کے روز ہیرسبرگ میں ٹرمپ کی حمایت میں ہونے والی تقریب کے دوران کیا، جہاں انہوں نے کہا، “میرے پاس آپ کے لیے ایک سرپرائز ہے، ہم ان لوگوں کو 1 ملین ڈالر دینے جا رہے ہیں جنہوں نے پٹیشن پر دستخط کیے ہیں ، ہر روز اب سے الیکشن تک۔
پنسلوینیا ایک اہم سوئنگ اسٹیٹ ہے جہاں ٹرمپ اور کاملا ہیرس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ جاری ہے۔