پاکستان کے معروف صحافی و میزبان ارشاد بھٹی اداکارہ میرا کے ساتھ اپنے حالیہ انٹرویوکےبعد آجکل خبروں کی گردش میں ہیں ۔ سوشل میڈیا پر متعدد فنکاروں کی جانب سے ارشاد بھٹی پر تنقید کی گئی جس کے جواب میں صحافی نے اپنا موقف بیان کیا ۔
چند روز قبل ارشاد بھٹی نے میرا کا ان کی نئی فلم سائیکو کے حوالے سے انٹرویو کیا۔ جس کے بعض کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔ ان ویڈیوز میں میزبان کی جانب سے میرا کے ماضی کے تعلقات اور تنازعات سے متعلق سوالات کیے گئے جنہیں کئی شوبز شخصیات نے نامناسب قرار دیا۔
اداکارہ زارا نور عباس سمیت متعدد فنکاروں نے ارشاد بھٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ میرا کے تحمل اور صبر کو سراہا گیا کہ انہوں نے مشکل سوالات کے باوجود سکون سے جواب دیا۔
تنقید کے بعد اپنے مؤقف میں ارشاد بھٹی کا کہنا ہے کہ پوڈکاسٹ میں پوچھے گئے سوالات نئے نہیں تھے بلکہ ماضی میں مختلف پلیٹ فارمز پر زیر بحث آ چکے ہیں اور ان سے متعلق معاملات عدالتوں میں بھی زیر سماعت رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ انٹرویو آسانی سے ممکن نہیں ہوا کیونکہ میرا نے کئی بار وقت دینے کے باوجود شرکت نہیں کی تاہم آخرکار انٹرویو مکمل ہوا۔ ارشاد بھٹی کے مطابق میرا نے اس انٹرویو کے لیے معاوضہ بھی لیا جو ان کا حق تھا کیونکہ یہ فلم کی تشہیر نہیں بلکہ ایک ذاتی گفتگو تھی۔
صحافی نے یہ بھی واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر صرف چند کلپس گردش کر رہے ہیں جن کی بنیاد پر رائے قائم کی جا رہی ہے، جبکہ مکمل پوڈکاسٹ دیکھنے کے بعد ہی کسی نتیجے پر پہنچنا چاہیے۔