میرا نے حال ہی میں ریحان طارق کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں وہ اپنی آنے والی فلم ’سیکو‘کی تشہیر کر رہی تھیں۔ گفتگو کے دوران انہوں نے پاکستانی سپر اسٹار شان شاہد کی بھرپور تعریف کی اور انہیں بھارتی اداکار شاہ رخ خان سے بھی بڑا اسٹار قرار دے دیا۔
ایک سوال کے جواب میں کہ ’پاکستان کا شاہ رخ خان کون ہے؟‘ میرا نے کہا کہ شان شاہد نہ صرف پاکستان کے شاہ رخ خان ہیں بلکہ وہ ان سے بھی بڑے اداکار ہیں۔ ان کے مطابق شان ایک بہترین اداکار، ہدایتکار اور رائٹر ہیں جو فنکاروں کو آسانی سے سکھاتے اور رہنمائی کرتے ہیں۔
میرا نے مزید کہا کہ اگر انہیں شان شاہد اور شاہ رخ خان میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا ہو تو وہ بلا جھجھک شان شاہد کو ترجیح دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بھارتی اداکاروں سے موازنہ کرنے کے بجائے اپنی انڈسٹری پر فخر کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ میرا جلد فلم سیکوکے ساتھ واپسی کر رہی ہیں جبکہ وہ اس سے قبل فلم باجی میں بھی نظر آئی تھیں جو باکس آفس پر کامیاب رہی تھی۔