بلوچستان حکومت نے غیر تصدیق شدہ ملازمین کو ماہ اکتوبر کی تنخواہیں جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت نے یہ فیصلہ صوبے بھر میں سرکاری ملازمتوں پر گھوسٹ ملازمین کی نشاندہی کے لیے کیے گئے اقدامات کے تحت کیا ہے۔ محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام محکموں کے متعلقہ افسران یا انچارجز کو ملازمین کی تصدیق شدہ فہرستیں اکاؤنٹینٹ جنرل آفس اور ضلعی خزانہ کے دفاتر میں جمع کرانی ہیں۔
غیر مصدقہ ملازمین کی تنخواہیں اکتوبر کے مہینے سے بند کی جائیں گی اور صرف مصدقہ فہرست کے تحت تنخواہیں جاری کی جائیں گی۔حکام نے تمام محکموں اور افسران کو تاکید کی ہے کہ وہ تصدیق شدہ فہرستیں 28 اکتوبر 2024 تک جمع کرائیں۔
بصورت دیگر غیر تصدیق شدہ ملازمین کی تنخواہیں گھوسٹ تصور کرتے ہوئے بند کر دی جائیں گی۔