انڈونیشین حکومت نے آئی فون 16 سیریز اور ایپل واچ 10 سیریز کی فروخت اور استعمال پر پابندی لگا دی۔
انڈونیشیا کی حکومت نےیہ پابندی ایپل کی جانب سے انڈونیشیا میں سرمایہ کاری کے وعدوں کی عدم تکمیل کی وجہ سے عائد کی۔ ایپل نے ماضی میں انڈونیشیا میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ مراکز کے لیے 10 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا تھا لیکن اب تک صرف ساڑھے 9 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
انڈونیشیا کی وزارت صنعت نے آئی فون اور ایپل واچ کی ڈیوائسز کے آئی ایم ای آئی سرٹیفکیٹس کے اجرا کو بلاک کر دیا ہے۔ تاہم غیر ملکی سیاحوں اور فضائی کمپنیوں کے عملے کو انڈونیشیا میں آئی فون 16 کی دو ڈیوائسز لانے اور استعمال کرنے کی اجازت ہوگی لیکن وہ انہیں فروخت نہیں کر سکیں گے۔
انڈونیشیائی قوانین کے مطابق غیر ملکی کمپنیوں کو وہاں کام کرنے کے لیے 40 فیصد مقامی مواد فراہم کرنا ضروری ہے، جس کے لیے انہیں مقامی سطح پر مصنوعات تیار کرنے، سافٹ ویئر کی ترقی یا ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹرز قائم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔