بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اچانک لاہور پہنچ گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ ایک گھنٹہ قبل زمان پارک لاہور پہنچ گئیں۔ بشریٰ بی بی زمان پارک میں ہی قیام کریں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی عمران خان کی ہدایت پر لاہور آئیں اور لاہور آنے سے قبل عمران خان سے ملاقات بھی کی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی زمان پارک میں ہی قیام کریں گی، زمان پارک کے باہر پولیس کی نفری موجود ہے جبکہ کارکنان بھی زمان پارک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، بشری بی بی کچھ دیر میں چیک اپ کیلئے شوکت خانم ہسپتال جائیں گی۔
قریبی ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی دانت کا چیک اپ کروانے کے بعد واپس پشاور روانہ ہوسکتی ہیں۔ تاحال کسی پارٹی رہنما کو زمان پارک آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ بشریٰ بی بی آج 190ملین پائونڈ کیس کی سماعت کیلئے اڈیالہ جیل میں پیش ہوئی تھیں۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کو عدالتوں نے رہا کیا اور ان کی رہائی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں ہے۔ اس حوالے سے خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی پاکستانی شہری ہیں اور وہ جہاں چاہیں قیام کر سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ بشریٰ بی بی کی رہائی پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دعویٰ کیا تھا کہ بشریٰ بی بی کی رہائی میں انہوں نے کردار ادا کیا ہے تاہم آج سوال کے جواب میں انہوں نے بشریٰ بی بی کی رہائی کسی ڈیل کے نتیجے میں ہونے کی تصدیق یا تردید کرنے سے گریز کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو جعلی مقدمات میں جیل میں رکھا گیا تھا تاہم اب عدالتوں نے انہیں انصاف فراہم کرتے ہوئے رہا کیا ہے۔