سندھ کابینہ نے آئی بی اے سکھر میں ایم ڈی کیٹ امتحانات کے دوبارہ انعقاد کے لیے 23 کروڑ 21 لاکھ اور 40 ہزار روپے کی منظوری دیدی۔
سندھ کابینہ نے اہم فیصلوں کی منظوری دیدی جن میں 6 شاہراہوں کی تعمیر کے لیے 6 ارب 63 کروڑ روپے کی منظوری، آئی بی اے سکھر میں ایم ڈی کیٹ امتحانات کے دوبارہ انعقاد کے لیے 23 کروڑ 21 لاکھ اور 40 ہزار روپے کی منظوری اور ٹھٹھہ میں 250 میگا واٹ پاور پروجیکٹ کے لیے 1674 ایکڑ اراضی کی منظوری شامل ہیں۔
صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا، جس میں صوبائی وزرا، مشیروں، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ اور دیگر متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران متعدد ترقیاتی منصوبوں اور اہم اقدامات کے لیے فنڈز کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ سندھ نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث متاثر ہونے والی 6 شاہراہوں کی تعمیر کے لیے 6 ارب 63 کروڑ روپے کی منظوری دی۔ ان شاہراہوں کی جلد از جلد تعمیر کے لیے ہنگامی انتظامات کرنے کی اجازت بھی دی گئی۔
آئی بی اے سکھر کے تحت آئندہ 6 ہفتوں میں ایم ڈی کیٹ امتحانات کے دوبارہ انعقاد کے لیے 23 کروڑ 21 لاکھ اور 40 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے ایک نجی کمپنی کو ٹھٹھہ میں 250 میگا واٹ پاور پروجیکٹ کے لیے 1674 ایکڑ اراضی دینے کی منظوری دی جو کہ صوبے میں توانائی کے شعبے میں اہم قدم ہوگا۔آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو 6 ماہ میں ای اسٹیمپنگ کا نظام متعارف کرانے کی ہدایت کی گئی، جس سے صوبے میں دستاویزات کی تصدیق اور قانونی عمل میں شفافیت آئے گی۔
صوبائی کابینہ نے سندھ جاب پورٹل قائم کرنے کی منظوری دی جو کہ آئی بی اے سکھر میں قائم کیا جائے گا۔ اس پورٹل کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
صوبائی کابینہ نے دیگر اہم منصوبوں کے لیے بھی فنڈز کی منظوری دی، جن میں لاڑکانہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سرپلس پول میں بھیجے گئے ملازمین کی تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی کے لیے 8 کروڑ 19 لاکھ روپے، جامشورو میں بجلی کی فراہمی کے پروگرام کے لیے 6 کروڑ 80 لاکھ روپے، اور فریئر ہال میں ادبی کانفرنس کے لیے 40 لاکھ روپے شامل ہیں۔