ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈکپ 2026 کے ایک میچ میں آسٹریا کے خلاف کھیلتے ہوئے لیونل میسی نے اپنا 17واں ورلڈکپ گول اسکور کیا، جس کے بعد وہ ورلڈکپ تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے اس سے قبل یہ ریکارڈ جرمنی کے سابق اسٹار میرو سلاو کلوزے کے پاس تھا جنہوں نے 16 گول کیے تھے۔
میچ کے دوران میسی کو ابتدا میں پنالٹی کک پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث وہ ریکارڈ برابر کرنے سے کچھ دیر کے لیے محروم رہے تاہم انہوں نے 39ویں منٹ میں شاندار گول اسکور کر کے نہ صرف میچ میں برتری دلائی بلکہ تاریخ میں اپنا نام بھی سنہرے حروف میں درج کرا لیا یہ میچ امریکی شہر ڈیلاس میں کھیلا جا رہا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق اب اس فہرست میں میرو سلاو کلوزے 16 گولز کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ برازیل کے لیجنڈ رونالڈو نازاریو 15 گولز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں اس کے علاوہ ایک 27 سالہ فرانسیسی اسٹار فٹبالر 14 گولز کے ساتھ فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔
میسی کی اس شاندار کامیابی کو فٹبال کی تاریخ کے اہم ترین لمحات میں شمار کیا جا رہا ہے، اور دنیا بھر میں ان کے مداح اس ریکارڈ پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔