سینٹر کامران مرتضی نے کہا ہے کہ جمیعتِ علمائے اسلام فضل الرحمان نے حکومت سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے اور جے یو آئی کا وفد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیئے جیل جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے سینٹر کامران مرتضی نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ ملاقات کسی کی خواہش پر ہوتی ہے، پہلے تو اسکو سنیں گے اور اگر کسی کے لیئے کوئی پیغام ہوا تو اسے دیا بھی جا سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے مابین تعلقات اب بہتر اور اچھے ہیں اور جو تلخیاں تھیں وہ ختم ہو گئیں ہیں۔
سینٹر کامران نے کہا کہ مولانا نے آئینی ترمیم کے وقت بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیئے کردار ادا کیا تھا لیکن ابھی یہ بات قبل از وقت ہے کہ کب ملاقات ہو گی۔سینٹر کامران نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اس وقت ملک سے باہر ہیں اور ان تک تمام باتیں پہنچا دی گئی ہیں۔
سینٹر کامران مرتضی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے حوالے سے معاملہ زیرِ غور ہے لیکن ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ سینٹر کامران مرتضی نے مزید کہاکہ آئینی ترمیم کے وقت ہم نے نشاندہی کی تھئ کہ عدلیہ سے آئینی ترمیم کے حوالے سے مشاورت نہیں کی گئی اور ہم نے اس حوالے سے کئی بار حکومت کے سامنے یہ مطالبہ بھی رکھا ہے اور اس حوالے سے بہتر ہے سب ججز ساتھ بیٹھیں اور مشاورت سے فیصلہ کریں۔