سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی تجویز قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے متحدہ اپوزیشن بنانے کی کوششیں جاری ہیں اور جے یو آئی (ف) اور پی ٹی آئی کے درمیان قربت کی بات چیت بھی ہو رہی ہے، تاہم مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت سے بات چیت پر تحفظات کا اظہار کیا۔
جے یو آئی (ف) نے پی ٹی آئی سے عمران خان کی گارنٹی مانگی تھی۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے حال ہی میں عمران خان سے جیل میں ملاقات کے بعد مولانا سے ملاقات کی، مگر مولانا فضل الرحمان نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے لیے اپنے بجائے کامران مرتضیٰ کو نامزد کیا۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو پی ٹی آئی کی ریلی میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی تھی، جسے انہوں نے قبول نہیں کیا۔ مولانا نے نجی دورے پر برطانیہ کا رخ کیا ہے اور چند روز لندن میں گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔