اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے کہا ہے کہ انڈسٹری سمیت تمام صارفین کو فی یونٹ 26 روپے ریلیف دیا جائے گا،سردیوں میں مہنگی گیس کی جگہ سستی بجلی دستیاب ہوگی،ہزاروں ملازموں والی کمپنی این ٹی ڈی سی کو خیرباد کہیں گے۔
اویس خان لغاری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے وعدے کے مطابق عوام کو بجلی کی قیمتوں میں کمی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ گزشتہ روز وزیر اعظم پاکستان نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے، جس سے عوام اور انڈسٹری کو فائدہ ہوگا۔
اویس لغاری نے بتایا کہ اس فیصلے کے تحت انڈسٹری سمیت تمام بجلی صارفین کو فی یونٹ 26 روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم نے فالتو بجلی کی قیمتوں کو انتہائی کم کر دیا ہے، جس سے نہ صرف عوام کو فائدہ ہوگا بلکہ معاشی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سستی بجلی سے صنعتوں کو فائدہ ہوگا اور سردیوں میں مہنگی گیس کے بجائے سستی بجلی دستیاب ہوگی۔
سردار اویس لغاری نے کہا کہ اس پیکج کے نتائج اگلے دو تین ماہ میں سامنے آئیں گے، اور اس میں عوام کو فوائد حاصل ہوں گے۔ “ہم نے اس پیکج کو ایک بار آزمانے کا فیصلہ کیا ہے اور یقین ہے کہ اس سے بجلی کے صارفین کو خاطر خواہ فائدہ ہوگا۔” انہوں نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ حکومت اس پیکج کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل استعمال کرے گی۔
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ پاکستان کے توانائی کے نظام میں بہتری لانے کے لیے این ٹی ڈی سی (نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی) میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این ٹی ڈی سی ماضی میں بدانتظامی کا شکار رہا اور اس کے کئی منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے، جن میں ایک منصوبہ 4 ارب روپے کے بجائے 14 ارب روپے میں مکمل ہوا۔
این ٹی ڈی سی میں بنیادی مسائل ہیں، جن میں ذہنیت کا فقدان ہے، جس کی وجہ سے ادارہ کامیاب نہیں ہو سکا۔ اس لیے ہم نے اس ادارے کو تین علیحدہ کمپنیوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ ہر کمپنی اپنی صلاحیت کے مطابق بہتر کام کر سکے۔”
سردار اویس لغاری نے اعلان کیا کہ کابینہ نے این ٹی ڈی سی کو تین علیحدہ اداروں میں تقسیم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ان نئی کمپنیوں کے قیام سے ترسیلی نظام کے منصوبے بروقت مکمل ہوں گے اور ان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ وزیر توانائی کے مطابق، یہ کمپنیاں فروری 2025 تک مکمل طور پر فعال ہو جائیں گی۔
این ٹی ڈی سی کی ایک نئی کمپنی ترسیلی نظام کے تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرے گی، اور ان کمپنیوں میں نئی اسٹرکچر اور اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔ ہر کمپنی کا الگ الگ ایم ڈی ہوگا اور ان کی کارکردگی کو مستقل مانیٹر کیا جائے گا۔”
سردار اویس لغاری نے کہا کہ یہ اصلاحات عوام کو نظر آئیں گی اور اس کے اثرات جلد دیکھے جائیں گے۔ نئی کمپنیوں میں ملازمین کی تعداد کم ہوگی اور این ٹی ڈی سی کے ہزاروں ملازمین کو الگ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت این ٹی ڈی سی میں اصلاحات کا عمل شروع ہو چکا ہے اور اس سے بجلی کے ترسیلی نظام کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
اس فیصلے سے نہ صرف صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ ہوگا بلکہ پاکستان کی توانائی کی پیداوار اور ترسیل کے نظام میں بھی بہتری آئے گی، جو ملک کی معیشت کو تقویت دے گا۔